اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی صحت، خدمات و ضوابط سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت انٹر منسٹریل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کونسل اور یو این ایچ سی کنٹری پلیٹ فارم کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے صحت مختار احمد بھرتھ، چاروں صوبوں کے وزرائے صحت و آبادی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے نمائندگان، وفاقی سیکرٹری وزارتِ قومی صحت، خدمات و ضوابط، ڈائریکٹر جنرل وزارتِ قومی صحت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد صحت اور آبادی کے شعبوں سے متعلق قومی پالیسی امور، بین الصوبائی ہم آہنگی، ادارہ جاتی تعاون اور جاری اقدامات کی پیش رفت کا جامع جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں چھے اہم ایجنڈا آئٹمز کے تحت تفصیلی بریفنگ دی گئی، جن میں صحت و آبادی میں پالیسی ہم آہنگی، خدمات کی فراہمی کے نظام، بیماریوں کی روک تھام، تشخیص و علاج کے موجودہ میکنزم، ڈیٹا کلیکشن و رپورٹنگ، اور مانیٹرنگ و ایویلیوایشن کے نظام شامل تھے۔

اجلاس میں متعلقہ حکام نے آگاہ کیا کہ مختلف قومی صحت و آبادی پروگرامز کے تحت طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے وفاقی اور صوبائی سطح پر اقدامات جاری ہیں، تاہم بعض شعبوں میں مزید بہتری، بین الادارہ جاتی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں یہ بھی زور دیا گیا کہ پروگرامز کے مؤثر نفاذ کے لیے ڈیٹا شیئرنگ، بروقت رپورٹنگ اور شواہد پر مبنی فیصلوں کو مضبوط بنایا جائے۔

شرکاء نے یونیورسل ہیلتھ کوریج فریم ورک کے تحت جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ صحت کی بنیادی اور ثانوی سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔ اجلاس میں یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ صحت و آبادی کے شعبوں میں پالیسی سطح کے فیصلوں اور عملی اقدامات کے درمیان ربط کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگز کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کونسل کے طے شدہ ایجنڈا آئٹمز کے مطابق اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹنگ کا عمل مقررہ نظام کے تحت جاری رکھا جائے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ اجلاسوں میں پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ قومی سطح پر صحت اور آبادی کے شعبوں میں اقدامات کے تسلسل اور مؤثریت کو برقرار رکھا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ انٹر منسٹریل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کونسل صحت اور آبادی سے متعلق پالیسی امور میں وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری کے ایک مؤثر فورم کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گی۔


