پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاکٹر وردہ قتل کیس: مذاکرات کامیاب، گرینڈ ہیلتھ الائنس نے احتجاج موخر کر دیا

ایبٹ آباد: گرینڈ ہیلتھ الائنس نے حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد صوبہ بھر میں جاری احتجاج موخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈاکٹر وردہ مشتاق کے والد، متاثرہ خاندان، سول سوسائٹی کے معزز مشران اور مختلف تنظیموں کی درخواست پر کیا گیا۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطابق حکومت نے ان کے اہم مطالبات تسلیم کر لیے ہیں، جب کہ باقی مطالبات کو بھی جلد از جلد منظور کر کے JIT کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

تسلیم کیے گئے مطالبات میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (JIT) کا قیام، قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق اور متعلقہ ایس ایچ او کی معطلی شامل ہیں جبکہ زیرِ تکمیل مطالبات جن کی یقین دہانی کرائی گئی ان میں بینظیر بھٹو شہید اسپتال ایبٹ آباد میں پوسٹ مارٹم کا انعقاد، سونا اور رقم کی وصولی اور پولیس کے ملوث افسران کی معطلی شامل ہیں

ترجمان GHA کے مطابق حکومت نے ان مطالبات پر بھی جلد عمل درآمد کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے، اور JIT میں شامل کر کے ان کی تیز رفتار تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے احتجاج موخر کرنے کے اعلان میں کہا کہ ہم متاثرہ خاندان اور کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ اگر مطالبات پر عمل درآمد میں ذرا سی بھی کوتاہی ہوئی تو اس سے زیادہ مضبوط ردعمل کے ساتھ دوبارہ میدان میں آئیں گے۔

تنظیم نے ڈاکٹر کمیونٹی، خیبر پختونخوا ڈاکٹرز کونسل کی مرکزی قیادت، ینگ نرسنگ ایسوسی ایشن، پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن، کلاس فور ملازمین، میڈیا، سول سوسائٹی اور وکلا برادری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہر سطح پر بھرپور ساتھ دیا۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس نے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے صوبہ گیر احتجاج میں تعاون کیا۔

ترجمان GHA ایبٹ آباد ہزارہ کے مطابق ڈاکٹروں نے واضح کیا ہے کہ انصاف کے حصول تک وہ مکمل طور پر متحد رہیں گے اور کیس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔