لاہور: پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ صحت و آبادی اسماء ناز عباسی نے شہر میں صحت سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے شادمان ڈسپنسری اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میاں میر کے الگ الگ دورے کیے، جہاں انہوں نے علاج معالجے کی خدمات، ادویات کی دستیابی، صفائی، اور انتظامی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اسماء ناز عباسی نے شادمان ڈسپنسری میں موجود علاج معالجے کی سہولیات، ادویات کے اسٹاک، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی مجموعی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے طبی عملے سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موجودہ انتظامات میں بہتری لانے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
پارلیمانی سیکرٹری نے زور دیا کہ مریضوں کی ضروریات کے مطابق خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے، کیونکہ بنیادی مراکز صحت عوامی ریلیف کی پہلی لائن ہیں۔ بعد ازاں پارلیمانی سیکرٹری نے ڈی ایچ کیو میاں میر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال میں انتظامی امور، علاج معالجے کی کوالٹی اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہسپتال کے عملے کو صاف ستھرے ماحول، مناسب دیکھ بھال اور مریضوں کے علاج کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اسماء ناز عباسی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کے عوام کو معیاری، سستی اور فوری صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بنیادی اور ثانوی سطح کے سرکاری ہسپتالوں کی بہتری، اپ گریڈیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری کے یہ دورے صوبے میں صحت کے نظام کو مؤثر، فعال اور عوام دوست بنانے کے وسیع حکومتی عزم کا حصہ ہیں


