کراچی : سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے پاکستان کی پہلی ہیلتھ کیئر پر مبنی میڈیکل ویب سیریز “Precision Meets Purpose” کا پُروقار اور شاندار پریمیئر نیوپلیکس سنیما کراچی میں منعقد کیا۔ یہ ویب سیریز پاکستانی طبی تاریخ میں ایک نئی سمت کا آغاز ہے، جو نہ صرف جدید روبوٹک سرجریز کو سامنے لاتی ہے بلکہ حقیقی مریضوں کے ایسے سفر بھی بیان کرتی ہے جو موت و زندگی کی سنگین دہلیز سے واپس لوٹے۔
یہ متاثر کن سیریز اُن مریضوں کی اصل کہانیاں پیش کرتی ہے جو انتہائی پیچیدہ امراض کے ساتھ ایس آئی یو ٹی پہنچے اور جدید روبوٹک سرجریز کے باعث نئی زندگی کی روشن امیدوں سے ہمکنار ہوئے۔ سیریز کا مقصد ملک بھر میں صحت کی مساوی فراہمی کے حوالے سے ایک مضبوط قومی مکالمہ شروع کرنا ہے، اور یہ پیغام دینا ہے کہ عالمی معیار کا علاج ہر انسان کا حق ہے—مفت، باوقار اور بلا تفریق۔
ایس آئی یو ٹی کے بانی و ڈائریکٹر ڈاکٹر ادیب رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنس ہمیشہ متحرک رہتی ہے، اسی لیے ایس آئی یو ٹی نئے افکار، نئی ٹیکنالوجیز اور جدید طبی رجحانات کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون اور اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہی اس جدت کو آگے بڑھا سکتی ہے، اور اس سفر کو جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسی موقع پر اس ویب سیریز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر اور ورجینیا ہاسپٹل سینٹر (امریکہ) کے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف سرجری ڈاکٹر عرفان رضوی نے کہا کہ وہ ٹیکنالوجی اپنائی جانی چاہیے جو مریضوں کے علاج میں بہتر نتائج دے، اور یہ جدید علاج صرف بڑے مراکز تک محدود نہ رہے بلکہ سرکاری اسپتالوں تک بھی پہنچے جہاں سب سے زیادہ مریض آتے ہیں۔
ایس آئی یو ٹی کے سربراہ برائے روبوٹک سرجری ڈاکٹر ریحان محسن نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں روبوٹک سرجری کی بنیاد رکھنے والا ادارہ ایس آئی یو ٹی اب تک 4,000 سے زائد کامیاب روبوٹک آپریشنز کر چکا ہے۔ ان کے مطابق روبوٹک سرجری روایتی اوپن سرجریز کے مقابلے میں پیچیدگیوں کے امکانات کم کرتی ہے، جس سے مریضوں کو زیادہ محفوظ اور مؤثر علاج میسر آتا ہے۔ یہ ویب سیریز معروف ہدایتکار جامی نے تیار کی ہے، جو صائمہ سلیم کے تصور پر مبنی ایک اہم تاریخی قدم ہے۔ نیوپلیکس میں ہونے والی اس خصوصی اسکریننگ میں طبی ماہرین، سماجی رہنماؤں، سرپرستوں اور ایس آئی یو ٹی کے دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پریمیئر کے بعد “Precision Meets Purpose” معتبر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور بڑے تفریحی چینلز پر بھی دستیاب ہوگی، جس سے اس بامقصد اور معلوماتی مواد تک عوام کی وسیع تر رسائی ممکن ہو سکے گی۔ یہ تقریب نہ صرف پاکستان میں صحت کے شعبے میں کہانی بیان کرنے کے ایک نئے باب کی بنیاد ہے، بلکہ جدید سرجیکل ٹیکنالوجیز کی تیز رفتار ترقی کا روشن ثبوت بھی ہے جو مستقبل کے طبی نظام کو نئی سمت دے رہی ہیں


