جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ، صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی مذمت

اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی ہے اور شرپسند عناصر کے خلاف سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے ۔ 

صدر مملکت نے شہید پولیس اہلکار کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہ ہو جائے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے اہلکار عبدالوحید کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لئے صبر کی دعا کی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا  کہ بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والی پولیو ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔پولیو کی مہم کے خلاف شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کی مذمت کی اور شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ پولیو مہم کے دوسرے روز نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ افسوس ناک واقعے کے بعد پولیو مہم عارضی طورپر روک دی گئی