لاہور : گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف کل لاہور کی اہم شاہراہیں بلاک کرنے سمیت تمام ملازمین کی تنظیموں کے ہمراہ نماز جمعہ کے بعد وزیر اعلیٰ آفس کی جانب مارچ کرنے اور دھرنا دینے کا اعلان کردیا جبکہ ہسپتالوں میں او پی ڈیز کی بندش ساتویں روز بھی جاری رہی
اس بات کا اعلان گرینڈ ہیلتھ الائینس کے رہنماؤں ڈاکٹر شعیب نیازی ،ڈاکٹر سلمان حسیب نے ینگ نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، ایپکا، اگیگا،اور ٹیچرز یونینز کے نمائندے کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر اور گرینڈ ہیلتھ الائینس کے رہنماء ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ آج ہمارے ساتھ تمام تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں اور ہم مجبورا لاہور میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کےخلاف تمام تنظیموں کے ہمراہ سی ایم آفس کیجانب متحدہ لانگ مارچ کریں گے جو کہ جمعہ کے بعد شروع ہوگا۔
اس سے قبل مال روڈ ،کینال روڈ ،جیل روڈ اور فیروز پور روڈ کو صبح 9بجے سے دن گیارہ بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے جام کر دیا جائے گا اور اسکے علاوہ لاہور کے تمام ہسپتالوں سمیت صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں او پی ڈی کا مکمل بائیکاٹ جو گزشتہ 7روز سے جاری ہے کیا جائے گا اور تمام اضلاع میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہم ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف گزشتہ 18 روز سے چیئرنگ کراس پر پنجاب اسمبلی کے سامنے پر امن دھرنا دیئے بیٹھے ہیں مگر حکومت اس جانب کوئی توجہ نہیں دے رہی ایک فرد واحد کی انا کی خاطر پورے سسٹم کو لپیٹنا چاہتی ہے جس کے سامنے تمام ہیلتھ پروفیشنلز اور دیگر محکموں کے ملازمین دیوار بن کھڑے ہیں، ہسپتالوں کی نجکاری سے نہ صرف غریب ملازمین علاج معالجہ سے محروم ہو جائیں گے بلکہ نرسز پیرا میڈیکل اسٹاف کو نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا جس سے صوبے میں بے روزگاری کا طوفان آجائے۔