لاہور ہائیکورٹ: ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل
لاہور ہائیکورٹ نے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔گزشتہ روز ادویات کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا،درخواست محمد اسلم نامی شہری کی طرف سے دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
جس میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ میڈیسن کی قیمتیں مقرر کرنے کے لئے نگران حکومت نے قانون کے منافی نوٹیفیکیشن جاری کیا،،نوٹیفکیشن کے بعدادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔درخواست میں کہا گیا کہ حکومت ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کی سیکشن ڈرگ ایکٹ سے نکال رہی ہے، نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں، عوامی اور جمہوری حکومت آنے والی ہے یہ اقدام وہ کر سکتی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ موجودہ نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے منافی ہے، عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک اسے معطل کرنے کا حکم دے۔لاہور ہائیکورٹ نے نگران حکومت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے تعین کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے نگران صوبائی حکومت سمیت فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔