لاہور : نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل نے قذافی اسٹیڈیم اور مین بلیوارڈ گلبرک کا دورہ کیا۔کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنر یوسف اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم اور بلال افضل نے اس موقع پر وڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔
نگران صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم اور بلال افضل نے قذافی اسٹیڈیم اور مین بلیوارڈ گلبرک میں بارش کی وجہ سے کھڑے ہونے والے پانی کیلئے نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا اور متعلقہ افسران نے صوبائی وزراء کو نکاسی آب کے انتظامات بارے بریفننگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ لاہور میں بارش کے کھڑے 90 فیصد پانی کو نکال دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ نکاسی آب کے بہترین انتظامات کرنے پر کمشنر لاہور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ بارش کے پانی کی وجہ سے لاہوریوں کو کوئی پریشانی نہیں آئے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے مذید کہا کہ مین بلیوارڈ گلبرگ میں زیر تعمیر پلازہ کی جانب روڈ پر شگاف کے باعث کنسٹرکشن کا کام فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بلال افضل نے کہا کہ لاہور میں بارش کے جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کی مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے انتظامات تسلی بخش ہیں۔