جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کیمپس کا لانڈھی میں افتتاح، وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی شرکت

کراچی : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو  نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، نوجوان نسل کو اپنی اسکلز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی بہترین طریقے سےخدمت کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کیمپس کا لانڈھی میں افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ، رکن قومی اسمبلی ابو بکر، رکن صوبائی اسمبلی ہاشم گیلانی و دیگر بھی موجود تھے۔ 

صوبائی وزیر ڈاکٹر عذراو دیگر معزز مہمانوں کےجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے لانڈھی کیمپس پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے استقبال کیا اور انہیں اجرک پہنائیں۔ افتتاح کے بعد صوبائی وزیر سمیت معزز مہمانوں کو نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا گیا جسکے بعد سیکریٹری صحت ذوالفقارعلی شاہ اور رجسٹرار جےایس ایم یو ڈاکٹر اعظم خان نے جے ایس ایم یو کوسندھ حکومت سے مذکورہ بلڈنگ کی حوالگی کے ایم او یو پر دستخط کیے ۔ صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ جے ایس ایم یو ہی اس عمارت کو بہترین تعلیمی ادارے میں تبدیل کرسکتی تھی،محکمہ صحت سندھ تعلیم و صحت کی سہولتوں کےفروغ کے اپنے مشن کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ اس صوبے کا کوئی بھی شخص اعلیٰ تعلیم و طبی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔ 

صوبائی سیکریٹری صحت ذو الفقار علی شاہ نے کہا کہ جذبے کیساتھ کام کریں تو ادارے پروان چڑھتے ہیں، جے ایس ایم یو کا جذبہ قابل دید ہے، مجھے یہاں شعبہ صحت کے مستقبل کے معمار نظر آرہے ہیں، طلباء پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پہلے مقامی لوگوں کیلئے اپنی خدمات وقف کریں اس کے بعد وہ جہاں چاہیں ملک و قو م کا نام روشن کریں، ہم لانڈھی کے عوام کو صحت کی مزید سہولتیں فراہم کرینگے۔ 

رکن صوبائی اسمبلی ہاشم گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جے ایس ایم یو کے کیمپس کھلنے سے لانڈھی کے عوام کو اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں میسر آسکیں گی، تعلیم و صحت کے نئے انسٹیٹیوشنز کیلئے مزید جگہ فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ رکن قومی اسمبلی ابو بکر نے کہاکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کے مشکور ہیں کہ انہوں نے لانڈھی میں کیمپس کا انتخاب کرکے یہاں کے عوام کیلئے اعلیٰ میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے دروازے کھول دیئے، عوام کی سہولت کیلئے مستقبل میں بھی مل کر کام کرتے رہیں گے۔ 

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہاکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عوامی فلاح بہبود کے اقدامات پر ہمیشہ سپورٹ کیا ہے، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے بی ایس ایم ٹی پروگرام کی مقبولیت اور طلباء کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے جے ایس ایم یو کا تیسرا کیمپس کھولا گیا، یہاں بی ایس ایم ٹی کی 8 فیلڈز میں اسپیشلائزیشن کروائی جائے گی،اس کےساتھ ساتھ یہاں پر برنس سینٹر اور علاج معالجے، فیملی میڈیسن ، ڈینٹل اور فزیکل تھراپی کی سہولتیں بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایاکہ وہ ڈاکٹرز کی قلت کے پیش نظر جناح سندھ میڈیکل یونیورس کے تحت بوائز میڈیکل کالج کے قیام کیلئے بھی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔ 

آی ایم ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عمران نےکہاکہ جے ایس ایم یو کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے تحت کلینکل اور ٹیکنیکل ٹیکنالوجی پر کام کرنے کی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے،شعبہ طب میں میڈیکل ٹیکنالو جی کی اہمیت آئے روز برھتی جارہی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر پرویز مخدوم، ڈاکٹر لئیق الزماں، ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی، پروفیسر محمود حسین، پروفیسر ہما علی، پروفیسر ہما شریف، مس نورین زہرہ، ناظم امتحانات ڈاکٹر انیتا شاہ،  مسز انیسہ امجد سمیت طلبا و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔