جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جناح اسپتال کراچی میں عہدوں کی بندر بانٹ جاری ؛ بدمعاش ڈاکٹر اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات

جناح اسپتال کراچی میں من پسند افراد کی مختلف اہم عہدوں پر تعیناتیاں جاری ہے ۔ اسپتال کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے اقربا پروری کی مثالیں قائم کر دی ہیں جس سے اسپتال کے ڈاکٹروں میں تشویش بڑھتی جارہی ہے ۔

ڈاکٹر یاسین عمرانی کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر تقرری کا اعلامیہ

پروفیسر شاہد رسول نے گزشتہ روز ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق میڈیکل آفیسر ڈاکٹر یاسین عمرانی کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا حالانکہ ڈاکٹر یاسین عمرانی شعبہ ناک کان و گلہ کے ڈاکٹر ہیں اور ان کا شمار جونیئر ڈاکٹرز میں ہوتا ہے لیکن 18 گریڈ کے درجنوں سینئر ڈاکٹر وں کی موجودگی میں انتظامی امور کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے باوجود انہیں اسسٹنٹ  ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا۔

ڈاکٹر یاسین عمرانی ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر ہیں جن کی بھرتی جناح اسپتال کے لئے نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی ان کا جناح اسپتال سے تعلق ہے بلکے ان کا تبادلہ اندورن سندھ سے جناح اسپتال کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر یاسین عمرانی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی  پوری نہیں کرتے، نہ ہی مریضوں کا معائنہ کرتے ہیں بلکہ ہر وقت سیاست اور ینگ ڈاکٹروں کے دھرنوں میں مصروف رہتے ہیں ۔

ڈاکٹر یاسین عمرانی پر ایک بے گناہ شہری پر گاڑی چڑھانے کا بھی الزام ہے جس میں شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ یہ واقعہ گزشتہ سال کا ہے جب بزرٹہ لائن کے رہائشی 45 سالہ بدر زمان ملازمت سے واپسی پر قیوم آباد اسٹاپ پر کھڑے بس کا انتظار کر رہے تھے ایسے میں ایک گاڑی نے انہیں ہٹ کیا اور پھر اسی گاڑی کو چلانے والے نے انہیں جناح اسپتال پہنچا کر بتایا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں وہ خود جناح اسپتال کے ڈاکٹر ہیں ۔ یہ ڈاکٹر یاسین عمرانی تھے جنہوں نے بدر زمان کے اہل خانہ کو فون بھی کیا لیکن بدر زمان بچ نہ سکا اورانتقال کر گیا۔

بدر زمان کی اپنے بیٹے عنایت کے ساتھ یادگار تصویر

بدر زمان کا تعلق مانسہرہ کی یونین کونسل جلو کے گاؤں پھورج سے ہے اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ ڈاکٹر یاسین عمرانی کے مذاکرات تاحال جاری ہیں تاہم اب ڈاکٹر یاسین عمرانی نے ان سے کترانا شروع کر دیا ہے اور جرگے میں اپنے بجائے ینگ ڈاکٹرز کو بھیج رہے ہیں۔ بدر زمان کے جواں سال بیٹے عنایت نے ڈاکٹر یاسین عمرانی کو اپنے والد کا قاتل قرار دیا ہے اور ڈیفنس تھانے میں ڈاکٹر یاسین عمرانی کے خلاف درخواست بھی دے رکھی ہے۔

ڈاکٹر یاسین عمرانی کے خلاف ڈیفنس تھانے میں جمع کرائی گئی درخواست

ڈاکٹر یاسین عمرانی کی بحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعیناتی سے اسپتال کے امور متاثر ہوں گے ۔ غیر جانبدار ڈاکٹروں نے پروفیسر شاہد رسول سے اپنی اس روش کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ورنہ اسپتال اقربا پروری سے تباہی کے دھانے پر پہنچ جائے گا۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے موسوم پاکستان کے ایک بڑے اسپتال میں اس طرح کے فیصلوں پر صوبائی حکومت کو بھی نوٹس لینا چاہیے ۔

پروفیسر شاہد رسول

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پروفیسر شاہد رسو ل کی جناح اسپتال میں تعیناتی بھی سپریم کورٹ کے احکامات کے خلاف ہے اسی لئے وہ ایسی سفارشوں اور دباؤکو رد نہیں کر پاتے اور دھڑا دھڑ سیاسی تعیناتیوں اور تقرریوں میں مصروف ہیں۔