ہفتہ, جون 21, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

محکمہ صحت کے بدعنوان افسران کو دفاتر میں بند کرکے مطالبات تسلیم کرائیں گے ؛ سندہ ہیلتھ الائنس

سندھ ہیلتھ الاؤنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ڈاکٹرز،نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے مذاکرات نہ شروع کئے گئے تو محکمہ صحت اور سندہ سیکریٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا اور کرپٹ افسران کو ان کی دفاتر میں بند کرکے ان سے اپنے مطالبات تسلیم کرائے جائیں گے ۔

 سندہ ہیلتھ الائنس کے تحت ڈاکٹرز،نرسز اورپیرامیڈیکل اسٹاف کی مختلف تنظیموں نے وزیر صحت سندھ کی جانب سے ڈاکٹروں کے لئے استعمال کیے گئے الفاظ کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

منگل کو پی ایم اے ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی تھلو، ڈاکٹر مرزا علی اظہر، شبانہ بلوچ ودیگر نے کہا کہ محکمہ صحت ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکا ہے اور کرپشن پورے محکمے کو اپنی لپیٹ میں لی چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی نا اہل انظامیہ پیسے کمانے کے چکرمیں صحت کے نظام کو مفلوج کرنے کے لئے تیار ہے لیکن ڈاکٹروں کی تمام تنظیمیں متحد ہوکر محکمہ صحت کوایسے کرپٹ افسران سے پاک کرنے کی جدوجہد شروع کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری صحت اور وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی کو متنبہ کرتے ہیں کہ ایک ہفتے کے اندر ڈاکٹرز،نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے مذاکرات نہ شروع کئے گئے تو محکمہ صحت اور سندہ سیکریٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا اور کرپٹ افسران کو ان کی دفاتر میں بند کرکے ان سے اپنے مطالبات تسلیم کرائیں گے ۔