چائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے حکومت کے اشتراک سے سیلاب سے متاثرہ 90ہزار بچوں کو ایمرجنسی علاج معالجہ اور طبی مشاورت کی سہولت فراہم کی ہیں۔چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی پریس ریلیز کے مطابق ادارے کی 500افراد سے زائد ہیلتھ کیئر اور منجمنٹ پروفیشنلز کی ٹیمیں سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحرک ہیں جو متاثرہ بچوں کو ہنگامی بنیادوں پر طبی سہولتیں مہیا کررہی ہیں۔
چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر احسن ربانی نے بتایا کہ بچوں پر پڑنے والے سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے قدرتی آفات سے نمٹنے کی مربوط حکمت عملی اختیار کی ہے۔ اس میں چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ایمرجنسی رومز میں مفت ایمرجنسی علاج ، ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کے ذریعے ٹیلی کنسلٹیشن اور سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں میڈیکل کیمپس کے ذریعے علاج معالجہ کی فراہمی شامل ہے۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ، حیدرآباد اور کوئٹہ میں قائم ایمرجنسی رومز متاثرہ بچوں کو چوبیس گھنٹے ایمرجنسی علاج کی مفت سہولت مہیا کررہے ہیں۔ ادارہ اس موقع پر اپنے ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کو بھی موثر طریقے سے استعمال کررہا ہے جو سندھ بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹس تک پھیلا ہوا ہے۔ اس ٹیلی میڈیسن نیٹ ورک کے ذریعے کراچی میں موجود بچوں کے امراض کے ماہرین سیلاب سے متاثرہ دوردراز علاقوں کے بچوں کی جانیں بچانے کے لیے طبی مشاورت فراہم کررہے ہیں۔
چائلڈ لائف فاؤنڈیشن متاثرہ بچوں کو ان کے گھروں کے قریب ہی طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپس بھی لگارہا ہے اب تک ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں، بنیادی صحت کے مراکز اور دیہی علاقوں میں صحت کے مراکز میں سات میڈیکل کیمپس کامیابی سے لگائے جاچکے ہیں جن میں ڈیرہ اﷲ یار، دریا خان، دوڑ، حب، تھاروشاہ، قلعہ سیف اﷲاور اوڈیرو لال اسٹیشن مٹیاری شامل ہیں۔ ان میڈیکل کیمپس کے ذریعے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ڈاکٹروںسیلاب سے متاثرہ بچوں کو مفت علاج کے ساتھ ادویات بھی مفت فراہم کیں اور زیادہ سنگین امراض میں مبتلا بچوں کو ریفر کرکے ہسپتالوں میں بھجوایا گیا۔

ڈاکٹر ربانی نے کہا کہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے الی عوامی طبی ایمرجنسی پر ہماری نظریں مرکوز ہیں آلودہ پانی پینے اور حشرات کے کاٹنے سے پھیلنے والی ہیضہ، اسہال، کالرہ، ڈینگی، ملیریا، ٹائیفائڈ اور نمونیا جیسی بیماریاں بچوں کی جان کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن سیلاب سے متاثرہ بچوں کو بروقت علاج اور ادویات کی مفت فراہمی کے ذریعے ان بیماریوں سے لاحق خطرات سے تحفظ فراہم کررہی ہے۔