جمعرات, جون 26, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے ٹیلی میڈیسن کے ذریعے نائیجریا کے طبی عملے کی تربیت شروع کر دی

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں اسلامی ترقیاتی بینک کے اشتراک سے نائیجرین ہیلتھ سٹاف کی تربیت کا آغاز ہوگیا۔ ماں اور بچے کی صحت کے شعبے میں یہ تربیتی سیشن ٹیلی میڈیسن کے ذریعے شروع کیا گیا ہے۔ منصوبے کو ریورس لینکجزکا نام دیا گیا ہے اور اس کے تحت نائیجریا کی ریاست کڈانہ کے بی ڈی ٹی ایچ ٹیچنگ ہسپتال مں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو پاکستانی ماہرین تربیت دیں گے۔

اس منصوے کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک 49 ہزار امریکی ڈالرز کے فنڈز فراہم کریگا۔ منصوبے کی مدت 12 ہفتے ہوگی جبکہ پاکستانی ماہرین جن میں گائنا کالوجسٹ، ماہر امراض بچگان، فزیشن اور پبلک ہیلتھ سپشلسٹ شامل ہیں۔ 90 سے زائد آن لائن لیکچرز دیں گے۔

یو ایچ ایس میں اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین بورڈ آف گورنرز و سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی تھے اپنے خطاب میں سابق چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت اور علم کی وجہ سے دنیا بھر میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔ منصوبے کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

اسلامی ترقیاتی بینک کے علاقائی نمائندے سامح حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث ٹیلی میڈیسن کی اہمیت اور افادیت میں اضافہ ہوا۔ پورا یقین ہے کہ اس پراجیکٹ سے دونوں ممالک کے ماہرین کو فائدہ پہنچے گا۔

وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ نائیجریا کے ساتھ ساتھ افغانستان میں بھی ہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت شروع کرنے جارہے ہیں۔ یوایچ ایس پر اعتماد کرنے پر اسلامی ترقیاتی بینک کے شکر گزار ہیں۔

نائیجرین ہسپتال کے چیف میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالقادر موسیٰ طباری نے یو ایچ ایس اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک کو صحت کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور وہ پاکستانی ماہرین سے سیکھنا چاہتے ہیں۔

تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ لاہور پروفیسر مسعود صادق، پرو وی سی پروفیسر معروف عزیز، پروفیسر طیبہ وسیم، پروفیسر جنید اور پراجیکٹ کو آرڈینیٹر ڈاکٹر سارہ غفور موجود تھیں۔