بدھ, اگست 12, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ہیلتھ ٹائمز کی خبر درست ثابت، ڈاکٹر نگہت شاہ کو ریٹائرمنٹ کے بعد 3 سال کی تقرری مل گئی

کراچی : ہیلتھ ٹائمز کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کو ریٹائرمنٹ کے بعد توسیع دیے جانے کے خدشے سے متعلق خبر درست ثابت ہوگئی، سندھ کابینہ نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد مزید 3 سال کے لیے بطور پروفیسر تقرری کی منظوری دے دی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست 2026 کو 60 سال کی عمر مکمل ہونے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو رہی ہیں، تاہم ریٹائرمنٹ سے چند روز قبل سندھ کابینہ نے 5 اگست کے اجلاس میں ان کا انفرادی کیس زیر غور لاتے ہوئے وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی بطور پروفیسر مزید تین سال کے لیے تقرری کے لیے کارروائی کی جائے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے فیصلے کے بعد یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ نے 10 اگست کو جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر کو خط لکھ کر فوری ضروری کارروائی اور کابینہ کے فیصلے پر بلا تاخیر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ جے ایس ایم یو نے خود 8 اگست کو ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ کا میمورنڈم جاری کیا تھا، جس کے مطابق وہ 12 اگست کو 60 سال کی عمر مکمل ہونے پر سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوجائیں گی۔ یوں کابینہ کا حالیہ فیصلہ ان کی سرکاری ملازمت میں محض توسیع نہیں بلکہ ریٹائرمنٹ کے بعد نئی کنٹریکٹ پر تقرری کی راہ ہموار کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈاکٹر نگہت شاہ کو ریٹائرمنٹ کے بعد توسیع دینے کی تیاری، اہل فیکلٹی کی ترقی خطرے میں پڑ گئی

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ کی تین سالہ تقرری سے جے ایس ایم یو کے کم از کم پانچ ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جن میں بعض پروفیسر کے عہدے پر ترقی کے لیے انٹرویوز کے منتظر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی پہلے ہی مختلف تدریسی آسامیوں، جن میں پروفیسر او بی جی وائی این کی نشست بھی شامل ہے، کے لیے اشتہار جاری کر چکی ہے، اس صورتحال میں ریٹائر ہونے والی پروفیسر کو مزید تین سال کے لیے اسی سطح پر برقرار رکھنے سے ترقی اور بھرتی کے جاری عمل پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

سرکاری خط میں ڈاکٹر نگہت شاہ کی تقرری کو طبی خدمات کے تسلسل، تعلیمی قیادت، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم، تحقیق، جدت اور ادارہ جاتی بہتری کے لیے “وسیع تر عوامی مفاد” میں قرار دیا گیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق جے ایس ایم یو میں پہلے ہی متعلقہ شعبے کے اہل اساتذہ موجود ہیں اور متعدد ایسوسی ایٹ پروفیسرز ترقی کے منتظر ہیں، اس لیے یہ سوال اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ کیا تین سالہ تقرری سے PM&DC کی اس شرط کی روح متاثر نہیں ہوگی جس میں جونیئر فیکلٹی کی ترقی اور کیریئر کو متاثر نہ کرنے کی واضح ہدایت دی گئی ہے؟

ہیلتھ ٹائمز کی خبر میں جس خدشے کی نشاندہی کی گئی تھی، وہ سامنے آگیا۔ ہیلتھ ٹائمز نے دو روز قبل اپنی خبر میں نشاندہی کی تھی کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد ممکنہ توسیع سے ترقی کی منتظر اہل فیکلٹی متاثر ہوسکتی ہے اور معاملہ جے ایس ایم یو میں جاری پروفیسرز کی بھرتی کے عمل کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ اب سندھ کابینہ کی منظوری اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کے 10 اگست کے خط نے اس معاملے کو باضابطہ شکل دے دی ہے۔