منگل, اپریل 28, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

خاتون ڈاکٹر کے واش روم میں خفیہ کیمرے، بلیک میلنگ کیس میں عدالت کا بڑا فیصلہ

لاہور : خاتون ڈاکٹر کی نجی زندگی میں مداخلت اور بلیک میلنگ کے سنسنی خیز مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لاہور ہائی کورٹ نے ملزم اسرار مجید کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔

جسٹس وحید خان نے کیس کی سماعت کی، جس دوران فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خرم پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ایک نجی اسپتال میں بطور ڈرائیور کام کرتا تھا اور ملازمت سے نکالے جانے کے بعد اس نے ایک سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر خاتون ڈاکٹر کے گھر کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے نازیبا ویڈیوز بنا کر خاتون ڈاکٹر کو بلیک میل کیا اور 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ ڈاکٹر کے بیٹے کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کیا۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم گزشتہ 10 ماہ سے جیل میں ہے اور کیس کے اصل حقائق ٹرائل کے دوران سامنے آئیں گے، تاہم عدالت نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ملزم کا مبینہ عمل انتہائی سنگین نوعیت کا ہے اور وہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

عدالت نے واضح ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم معاشرتی اقدار اور شہریوں کی نجی زندگی کے لیے شدید خطرہ ہیں، جس کے بعد ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی گئی۔

یہ کیس نہ صرف طبی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے بلکہ نجی زندگی کے تحفظ اور سائبر کرائم کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی سنجیدہ سوالات کھڑے کر رہا ہے