جمعہ, اپریل 10, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، خاتون کی ہلاکت؛ عدالت کا نجی میڈیکل سینٹر کو 2 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

کراچی : شہر کی مقامی عدالت نے ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون کی ہلاکت کے کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے نجی میڈیکل سینٹر کو متاثرہ خاندان کو 2 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سینئر سول جج وسطی کی عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران متاثرہ خاندان کی جانب سے دائر ہرجانے کے دعوے پر تفصیلی دلائل سنے گئے۔ سماعت کے موقع پر مدعی اپنے دو کمسن بچوں کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوا۔

عدالتی حکمنامے میں قرار دیا گیا کہ سی سیکشن جیسے حساس آپریشن کے دوران آئی سی یو سہولت کا موجود نہ ہونا سنگین طبی غفلت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ معالجین کی جانب سے معیاری طبی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں، جو مریضہ کی جان بچانے میں ناکامی کا سبب بنیں۔

درخواست گزار کے مطابق خاتون کو زچگی کے لیے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بروقت خون کی فراہمی اور ضروری طبی سہولتیں فراہم نہیں کی گئیں۔ حالت بگڑنے پر مریضہ کو تشویشناک حالت میں دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ متعلقہ اسپتال میں ایمرجنسی اور وینٹی لیٹر جیسی بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں تھیں، جبکہ آپریشن کے بعد گائناکالوجسٹ ڈاکٹر فوری طور پر اسپتال سے چلی گئیں اور کئی گھنٹوں تک واپس نہ آئیں، جس دوران مریضہ کی حالت مزید خراب ہو گئی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ مذکورہ حقائق طبی غفلت کو ثابت کرتے ہیں اور متاثرہ خاندان کو ہرجانہ ادا کیا جانا انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔