کراچی : حکومتِ سندھ نے محکمہ صحت میں مبینہ بدعنوانیوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سیکشن آفیسر ڈاکٹر محمد اسد کھتری کو فوری طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد اسد (پی ایم ایس، گریڈ 17) کو ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ سے ہٹا کر اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں بطور سیکشن آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر طویل عرصے سے محکمہ صحت میں انتہائی بااثر سمجھے جاتے تھے اور مبینہ طور پر متعدد اہم سیکشنز کا غیر قانونی چارج بھی ان کے پاس تھا، جہاں سے بیشتر متنازع اور قواعد کے برخلاف فیصلے کیے جاتے تھے۔ محکمہ صحت کے اندرونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اہم فائلوں کی منظوری، تقرریوں اور تبادلوں سمیت مختلف معاملات میں ان کا کردار کلیدی حیثیت اختیار کر چکا تھا، جس پر شدید تحفظات پائے جا رہے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نئے سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی کی تعیناتی کے بعد محکمہ میں اصلاحات کا عمل تیز کیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں اس افسر کو ہٹانا ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ افسران کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف محکمہ صحت میں شفافیت کو فروغ ملے گا بلکہ بدعنوان عناصر کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسد کھتری کو فوری طور پر نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں، جبکہ محکمہ صحت میں ان کی جگہ نئے افسر کی تعیناتی متوقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرح مؤثر اقدامات جاری رہے تو محکمہ صحت میں دیرینہ مسائل اور بدعنوانیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

