پیر, جون 23, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد ، 41 ہزار سے زائد امیدواروں کی شرکت

کراچی : ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) برائے سال 24-2023 کا انعقادکیا گیا۔ جس میں صوبے بھر سے 41 ہزارسے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔

ایم ڈی کیٹ کا انعقادکراچی میں مین یونیورسٹی روڈ پر واقع ایکسپو سینٹر کراچی، جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ، شہید بے نظیر آبادمیں بلاول اسپورٹس کمپلیکس نوابشاہ ، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول ، پی ٹی ایس بس ٹرمینل لاڑکانہ میں بیک وقت کیا گیا ۔ کراچی ایکسپو سینٹر میں میں لگ بھگ 15000، جامشورو سے 13000، نوابشاہ (شہید بے نظیر آباد)سے 4000 جبکہ لاڑکانہ سے 9000 طلباء نےحصہ لیا۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں لڑکے اور لڑکیوں کے لئے علیحدہ علیحدہ انٹری پوائنٹ رکھے گئے۔ اس ضمن میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے رینجرز اور پولیس سمیت ایمبولینسز اور طبی امدادی رضاکاربھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ صوبے بھر میں پبلک پرائیوٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنزمیں ایم بی بی ایس کی 3600 اور بی ڈی ایس کی 1190 نشستوں کے لئے 41000 طلبہ و طالبات ٹیسٹ میں شریک تھے۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز اور وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر محمد سعید قریشی نےبھی ایکسپوسینٹر کادورہ کیا اور انتظامات کاجائزہ لیا۔