کراچی : سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں مبینہ رشوت طلبی کی شکایات پر میٹرن کو تبدیل کر دیا گیا۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عتیق قریشی نے متعدد شکایات پر 16 گریڈ کی اسٹاف نرس کی جگہ 17 گریڈ کی اسٹاف نرس کو میٹرن تعینات کر دیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سابقہ میٹرن شہر بانو مرضی کی ڈیوٹی لگانے کے لئے مبینہ رشوت طلب کرتی تھیں جبکہ رشوت نہ دینے پر ڈیوٹی مرضی کے مقام پر لگانے کے ساتھ ڈیوٹی کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیتی تھیں جس سے نرسز شدید پریشانی کا شکار تھیں۔ اس معاملے پر اسپتال کے ایم ایس کو شکایت کی گئی جس پر ان کا تبادلہ کر دیا گیا۔

ہٹائے جانے کے بعد پرانی میٹرن شہر بانو نے نئی تعینات کی جانے والی میٹرن غزالہ شاہین کو بھی پریشان کرنا شروع کر دیا جس پر انہوں نے ایم ایس کو تحریری شکایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابقہ میٹرن نے اسپتال میں احتجاج کی دھمکی بھی دی ہے جبکہ وہ ڈیوٹی کرنے پر بھی تیار نہیں لیکن اسپتال انتظامیہ ان کے خلاف سخت کاروائی کرنے سے قاصر ہے۔

ہیلتھ ٹائمز کو ملنے والی شکایتی درخواست میں میٹرن غزالہ شاہین نے لکھا ہے کہ اسٹاف شہر بانو کی ڈیوٹی پہلے بلڈ بینک لگائی گئی لیکن ڈیوٹی نہ کرنے پر لیبارٹری اور پھر آئی سی یو اس کے بعد گائنی وارڈ میں لگائی گئی لیکن انہوں نے کسی جگہ ڈیوٹی نہیں کی بلکہ دھمیاں دی اس لئے ان کے خلاف کاروائی کی جائے کیونکہ اس سے اسپتال کا ماحول خراب ہو رہا ہے۔