لاہور : نگران صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم نے جناح ہسپتال کی زیر تعمیر ایمرجنسی، ٹراما سنٹر اور کارڈیک سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن واجد علی شاہ، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان، ڈپٹی چیف آئی ڈیپ عمر بیلہ اور دیگر افسران موجود تھے۔متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ جناح ہسپتال لاہورمیں آنے والے مریضوں کی آسانی کیلئے نئی ایمرجنسی، ٹراما سنٹر اور کارڈیک سنٹر بنا رہے ہیں۔ پنجاب کی بڑھتی ہوئی آبادی کے اعتبار سے موجودہ سرکاری ہسپتالوں کی توسیع اور نئے ہسپتالوں کی اشد ضرورت ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کی استعدادکار میں اضافے کے بعد ہی ہم بڑھتی ہوئی آبادی کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے قابل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : نگراں وزیر صحت سندھ کا لیاری جنرل ہسپتال کا اچانک دورہ، صفائی ستھرائی اور صحت کی دیگر سہولیات کے فقدان پر ناراضگی کا اظہار
ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ نگران حکومت کیلئے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی بہتری اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی مختلف سرکاری ہسپتالوں کا خود دورہ کرکے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں۔نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ بدقسمتی کے ساتھ پاکستان میں بائیو ٹیکنالوجی کا کوئی پلانٹ موجود نہیں ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بڑے نئے سرکاری ہسپتال بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں کی بہتری کیلئے دن رات اصلاحات لا رہی ہے۔