لاہور : پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں سیشن 23-2022 کی کلاسز کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا۔ نئی کلاسز کو نئے نصاب کے مطابق پڑھانے کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پیر کے روز فیکلٹی کیلئے تربیتی ورکشاپس کا آغاز ہوگیا۔ فیکلٹی کیلئے 9 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں 252 فیکلٹی ممبرز کو ماڈیولر نصاب پڑھانے کی ٹریننگ دی جائے گی۔
یو ایچ ایس ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام ہونے والی یہ ورکشاپس دو دن جاری رہیں گی۔ پیر کے روز جنوبی پنجاب میں ورکشاپ کا انعقاد ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان میں کیا گیا جس میں ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور لودھراں کے میڈیکل کالجوں کی فیکلٹی نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے شرکاء سے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن راٹھور نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ میرا وژن ہے کہ ہماری میڈیکل ایجوکیشن ملکی ضرورتوں اور عالمی معیار کے مطابق ہو۔ منگل کے روز 8 ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ شمالی پنجاب اور آزاد کشمیر کے میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ وطیم میڈیکل کالج راولپنڈی میں ہوگی۔ سیالکوٹ، گجرات اور نارووال کے میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ سیالکوٹ میڈیکل کالج میں جبکہ سرگودھا کے تینوں میڈیکل کالجوں کیلئے ورکشاپ نیازی میڈیکل کالج سرگودھا میں ہوگی۔
لاہور میں چار ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا جو اختر سعید میڈیکل کالج، فاطمہ میموریل میڈیکل کالج، شالامار میڈیکل کالج اور یو ایچ ایس میں ہوں گی۔