پیر, جون 23, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا مطالبات کی عدم منظوری پر سندھ بھر میں دوبارہ احتجاج کا عندیہ

گرینڈ ہیلتھ الائنس سندھ نے مطالبات پورے نہ ہونے پر دوبارہ سندھ بھر میں احتجاج کا عندیہ دیا ہے ۔ الائنس کا ہنگامی اجلاس بدھ کو قومی ادارہ صحت برائے اطفال کراچی میں منعقد ہوا ۔جس کی صدارت چیئرمین ڈاکٹر محبوب نوناری ،ڈاکٹر محمد خان شر ،اعجاز کلیری اور اخلاق احمد خان نے کی جبکہ تمام تنظیموں کے سربراہاں نے شرکت کی۔ اجلاس میں تحریک کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور الائونس کے حوالے سے غورفکر کیا گیا جبکہ حکومت کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے رویے کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کمیٹی نے احتجاج ختم کرانے کے وقت مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی مگر ایک ماہ سے زائد گزر جانے کے باوجود مسائل حل نہ ہوسکے اور نہ ہی دوبارہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔حکومت کے اس رویے سے محکمہ صحت کے ملازمین میں بے چینی بڑھ گئی ہے اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کی لیڈر شپ کے اوپر ملازمین کا پریشر بڑھنے لگا تھا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل سیکریٹری فنانس، سیکریٹری صحت اور وزیر صحت سے وفد کی صورت میں ملاقات کی جائے گی اور اسی ہفتے حکومت سندھ نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے الائونس کا مطالبہ پورانہ کیا تو آئندہ ہفتے احتجاج ہوگا اور اس کی تمام تر ذمہ داری وزیر صحت سندھ، سیکریٹری صحت اورسیکریٹری فنانس سمیت وزیر اعلیٰ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی پر ہوگی۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس سندھ کسی بھی صورت اسپتالوں کو بند نہیں کرنا چاہتی اورنہ ہی مریضوں کو تکلیف دینا چاہتی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ محکمہ صحت اور محکمہ خزانہ اور وزیراعلی سندہ سمیت ان کی بنائی گئی کمیٹی مسائل حل کرنے میںبالکل بھی سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی جس کی وجہ سے گرینڈ ہیلتھ الائنس دوبارہ سڑکوں پر آنے کے لئے اپنی تیاری کر رہی ہے ۔

اجلاس میں وزیراعلی سندھ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سےگزارش کی گئی کہ ہمارے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کئے جائیں ورنہ ہم مجبوراً سندھ بھر کے اسپتالوں کی اوپی ڈیز سمیت دیگر شعبہ جات بند کرنے پر مجبور ہونگے۔