اتوار, جون 22, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ترک ہلال احمر سوسائٹی کے نائب صدر کاسیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ اور راشن کی تقسیم

ترک ہلال احمر سوسائٹی (ترک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی) کے نائب صدر اسماعیل حقی ترنک اور پاکستان ہلال احمر سوسائٹی (پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی) کے عہدیداروں نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ٹھٹہ میں سیلاب زدگان میں فوڈ راشن پیک تقسیم کیے۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ نے ترک ہلال احمر کے تعاون سے ضلع ٹھٹھہ کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میںفوڈ پیک تقسیم کیےجس میں آٹا، چاول،کوکنگ آئل، چائے کی پتی، چینی، نمک، دال چنا اورچنے شامل ہیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ پہلے ہی ترک ہلال احمر کے تعاون سے سجاول، سانگھڑ، جامشورو اور ٹھٹھہ کے اضلاع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوڈ پیک، ٹینٹ اور حفظان صحت کی کٹس جیسی امدادی اشیاء تقسیم کر چکا ہے اور جلد ہی مزید سامان دیگر اضلاع میں بھی تقسیم کی جائیں گی۔

ترک ہلال احمر کے نائب صدر اسماعیل حقی نے کہا کہ وہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترک ہلال احمر پاکستان ریڈ کریسنٹ کے ساتھ سیلاب زدگان کی زیادہ سے زیادہ امداد کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ترک ہلال احمر امدادی سامان بشمول فوڈ پیک، نقد امداد، اور غیر غذائی اشیاء بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھی تقسیم کر چکا ہے۔ ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ جاری امدادی کارروائیوں میں ترک ہلال احمر کی جانب سے سندھ میں بتدریج مزید امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا اور سیلاب زدگان کے علاج کے لیے جلد ہی مفت میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے۔

پاکستان ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز نے ترک ہلال احمر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کی مدد کی ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں کوئی اور ادارہ رسائی نہ ہونے کی وجہ سے نہیں پہنچا، اور یہ سلسلہ آخری متاثرین کی مدد تک جاری رہے گا۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سندھ برانچ کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے کہا کہ ہم اپنی تاریخ کی سب سے بڑی تباہی کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان ریڈ کریسنٹ کی انتظامیہ، عملہ اور رضاکار سیلاب سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے اور اب تک ہم 12 متاثرہ اضلاع میں ہزاروں ضرورت مندوں کو امدادی سامان فراہم کرچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ نے دادو، ٹھٹھہ، جامشورو، سانگھڑ اور میرپورخاص کے لیے مرد اور خواتین ڈاکٹرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ڈسپنسر اور سوشل موبلائزرز پر مشتمل پانچ میڈیکل ٹیمیں تیار کی ہیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ واٹر پیوریفیکیشن کے ذریعے دادو اور لاڑکانہ میں ہزاروں سیلاب سے متاثرہ افراد کو پینے کا صاف پانی مہیا کر رہا ہے۔

قبل ازیں پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سندھ برانچ کے چیئرمین ثمر علی خان نے ہلال احمر ہاؤس کراچی میں ترک ہلال احمر کے وفد کا استقبال کیا اور انہیں صوبہ سندھ میں سیلاب کے حوالے سے جاری آپریشن کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان ریڈ کریسنٹ کی سندھ برانچ کے وائس چیئرمین طارق معین اور پاکستان میں ترک ہلال احمرکے سربراہ جناب ابراہیم کارلوس نے شرکت کی۔