پیر, جون 23, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سروسز ہسپتال لاہور کے آپریشن تھیٹر سے ایک اور ویڈیو وائرل ، انتظامیہ نے جعلی قرار دے دیا

لاہور : سروسز ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز سےڈاکٹرز کی دوران آپریشن بے ہوش مریض کے ہمراہ دوسری ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں ڈاکٹرز نے مبینہ الزام عائد کیا ہے کہ کڑوڑوں روپے کی لاگت سے نئی بنائی جانے والی ایمرجنسی میں دوران آپریشن انستھیزیا کی مشین خراب ہوگئی ہے مریض کو اگر کوئی نقصان پہنچا تو اس کی زمہ داری ہماری نہیں ہوگی۔

سروسز ہسپتال انتظامیہ نے ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے مزکورہ ڈاکٹرز کے خلاف سائیبر کرائم کا مقدمہ درج کرنے کے لئے درخواست دے دی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ ایمرجنسی کے تمام آپریشن تھیٹرز مکمل طور پر فعال ہیں پرنسپل سروسز ہسپتال نے واقع پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے حقائق سامنے لانے کا اعلان کیا ہے ۔

ذرائع کےمطابق سروسز ہسپتال ایمرجنسی میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہے جس میں ڈاکٹرز نے آپریشن تھیٹرز سے مریض کا آپریشن کرتے ہوئے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں انہوں نےمبینہ الزام عائد کیا ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی جو حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے نئی تعمیر کی گئی ہے کا صرف ایک آپریشن تھیٹر گزشتہ دو سے چل رہا ہے اور مریضوں کا میو ہسپتال اور جناح ہسپتال سے رش لگا ہو ا ہے جبکہ ایک مریض جسے آپریشن کے لئے بے ہوشی دی گئی ہے کو ہوش میں لانے کے لئے انستھیزیا کی مشین خراب ہو گئی ہے اور ہم دو گھنٹے سے نئی مشین کا انتظار کر رہے ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق مریض کا کیا ہوگا اس کا کچھ نہیں کہ سکتے مریض کو اگر کوئی نقصان پہنچا تو اس کی زمہ داری ہماری نہیں ہوگی۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پرنسپل سروسز انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائینسز پروفیسر ڈاکٹر زہرہ خانم نے جنگ کو بتایا کہ ایسے عناصر غریب مریضوں سے سرکاری ہسپتالوں کی چھت بھی چھیننا چاہتے ہیں مریض کے کھلے ہوئے پیٹ کے ساتھ ویڈیو بنانا میڈیکل اخلاقیات کے خلاف ہے تاہم اس واقع کے حوالے سے اعلی سطحی تحقیقات کی جائے اور حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے ۔

ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیراحمد ملک نے سرجیکل یونٹ ٹو کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر معیذ کے خلاف مقدمہ کے انداج کے لئے ڈائریکٹر سائیبر کرائم کو درخواست دیتے ہوئے سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر انکے خلاف ایکشن لینے سیکرٹری صحت کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کی وڈیو جعلی ہے کیونکہ یہ واضح ہے کہ وہ آپریشن کے بعد بنائی گئی ہے ،ڈاکٹر کی طرف سے بتائی گئی دیگر باتیں بھی حقیقت پر مبنی نہیں ہیں ،اس وقت نئی ایمرجنسی میں چار آپریشن تھیٹرز فعال ہیں اور دیگر ہسپتالوں سے بھی زیادہ مریض ریفر ہونے کی وجہ سے نئے آپریشن تھیٹرز اور جنرل آپریشن تھیٹرز بھی فعال اور سٹینڈ بائی ہیں ۔

انہوں نے مذید بتایا کہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی اس وقت میو ہسپتال اور جناح ہسپتال سے ریفر کئے گئے مریضوں کی بھی مکمل طور پر دیکھ بھال کررہی ہے ،غیر قانونی طور پر وڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر غلط خبر چلانے پر متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف سائبر کرائم اور سول سرونٹ ایکٹ اور پیڈا ایکٹ کے تحت ایف آئی اے اور سیکرٹری ہیلتھ کو گزارش کردی گئی ہے۔