کراچی : ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے ویکسی نیٹر اور پیرامیڈیکس رہنما سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیو پروگرام میں کام کرنے والے مزدوروں کی بغیر کسی آفیشل نوٹیفکیشن کے یکم مئی کی چھٹی منسوخ کرنا پولیو مہم کو کمزورکرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔جہاں عالمی سطح پر مزدوروں کی پذیرائی کے لئے یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں مزدوروں کے لئے عام تعطیل ہوتی ہے وہیں پولیو پروگرام سے جڑے پولیو ورکرز کی چھٹی منسوخ کر دی گئی اور اس کا کوئی باقاعدہ افیشل نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں کیا گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ بہت اہم ہے پر وہیں پولیو پروگرام میں کام کرنے والے ورکرز اس سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔جیسے کہ پاکستان میں مزدور کا کوئی پرسان حال نہیں وہاں ایک چھٹی جو مزدور کو زیادہ آرام تو نہ دے سکے وہ بھی چھین لی گئی۔ پولیو ورکر جو اس سخت ترین موسم میں بھی گھر گھر جا کے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ان کو بہتر معاشی زندگی دینے کی بجائے غلامی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔این جی اوز، ہیومن رائٹس اور مزدور رہنما تنظیموں سے درخواست ہے کہ وہ اس پر سخت ترین موقف اختیار کریں اور ضرورت پڑنے پر اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروائیں۔
سید غوث علی شاہ نے کہا کہ ویکسی نیشن سے تعلق رکھنے والے ویکسینیٹرز اس وقت حد سے زیادہ مہنگائی کی وجہ سے معاشی بدحالی کا شکار ہیں۔ صاحبِ اقتدار سےدرخواست ہے کہ یہ وہی مزدور ہیں جو سخت ترین موسمی حالات کا مقابلہ کر کے بھی آپ کے اور ہمارے بچوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین دیتے ہیں ان پر رحم کیا جائے اور ان کی معاشی اور سماجی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے اور ان کے انتھک محنت کو سراہا جائے۔